23 مارچ 2016 - 12:22
امریکی صدر کے دورہ کیوبا میں اس ملک کے صدر کی جانب سے سرد مہری کا مظاہرہ

روسی ذرائع ابلاغ نے امریکی صدر بارک اوباما کے دورہ کیوبا میں صدر راؤل کاسترو کی جانب سے سرد مہری کا مظاہرہ کئے جانے کی خبر دی ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ روسی ذرائع ابلاغ عامہ کے حوالے ارنا نے رپورٹ دی ہے کہ امریکی صدر باراک اوباما کو ہوانا پہنچنے کے بعد کیوبا کے حکام کی جانب سے سرد مہری کا سامنا کرنا پڑا۔ روسی ذرائع ابلاغ نے صدر بارک اوباما کے استقبال کے لئے راؤل کاسترو کے ہوانا ہوائی اڈے پر نہ جانے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ہوانا ہوائی اڈے پر کیوبا کے صدر کے بجائے وزیر خارجہ نے امریکی صدر کا استقبال کیا جو کیوبا میں رائج معمول کے پروٹوکول کے خلاف ہے۔ روسی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ کیوبا نے امریکی صدر کے ساتھ اس سرد مہری کا مظاہرہ ایسی حالت میں کیا ہے کہ پوپ فرانسیس کیوبا گئے تھے تو صدر راؤل کاسترو خود ان کے استقبال کے لئے ہوانا ایئر پورٹ پہنچے تھے۔ ایک اور بات کہ جس پر بہت سے حلقوں نے توجہ دی ہے اور خاص طور سوشل میڈیا پر اس پر کافی بحث بھی ہوئی ہے، یہ ہے کہ راؤل کاسترو کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کے بعد جب صدر باراک اوباما نے امریکیوں کی عادت کے مطابق راؤل کاسترو کے کندھے پر ہاتھ رکھنا چاہا تو راؤل کاسترو نے انہیں اس بات کی اجازت نہیں دی۔ صدر باراک اوباما کے ساتھ کیوبا کے صدر کی سرد مہری کے سلسلے میں روسی ذرائع ابلاغ نے اس بات کی طرف بھی اشارہ کیا ہے کہ اس دورے میں کیوبا کے صدر نے اپنے امریکی ہم منصب کو بغل گیر ہونے کی بھی اجازت نہیں دی اور ان سے اپنے فاصلے کو برقرار رکھا جس کو موقع پر موجود صحافیوں اور نامہ نگاروں نے خاص طور پر نوٹ کیا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲